فلسطینی محکمہ امور اسیرن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید کینسر کے مریض فلسطینی رجائی عبدالقادر کی حالت تشویشناک ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امور اسیران کے مندوب یوسف نصاصرہ نے ایک بیان میں بتایا کہ غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے دیر عمار کے رہائشی رجائی حسین منصور عبدالقادر کو 45 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کینسر کے مرض کی وجہ سے تشویشناک حالت میں زیرحراست فلسطینی کی رہائی کے لیے 25 جون کو ان کی رہائی کی درخواست پر سماعت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ اسرائیلی عدالت مرض کی سنگینی کے پیش نظر عبدالقادر کو رہا کرنے کا حکم صادر کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ رجائی عبدالقادر کے کیس کی اب تک 14 بار سماعت ہوچکی ہے اور حال ہی میں یہ انکشاف ہوا کہ وہ کینسر کا شکار ہیں اور ان کا مرض خطرناک مقام میں داخل ہوگیا ہے۔ انہیں ایک ہی وقت میں جگر اور پھیپھڑوں کا کینسر ہے۔
تکلیف کے باعث رجائی عبدالقادر آرام نہیں کرسکتے ہیں۔ حالیہ ایام میں شدید تکلیف کے باعث ان کا وزن چھ کلو گرام کم ہوگیا ہے۔