فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں مختلف شہروں میں ہونے والے پرامن مظاہرین پر فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے ہیں جب کہ کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کی شام رام اللہ، نابلس اور غرب اردن کے دوسرے شہروں میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ کی پٹی کے عوام کے خلاف فلسطینی اتھارٹی کی انتقامی پالیسی کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کردی۔ مظاہرین پرامن مگر سخت غصے میں اور انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کے خلاف بھی شدیدنعرے لگائے۔ اس موقع پر صدر عباس کے ماتحت ملیشیا نے نہتے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 14 مظاہرین زخمی ہوگئے جب کہ 14شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ مظاہروں سے قبل عباس ملیشیا کی بھاری نفری نے رام اللہ اور نابلس میں ریلیوں کو روکنے کے لیے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں مگر فلسطینی شہری تمام رکاوٹیں توڑ کر سڑکوں پرآنے اور احتجاج کرنے میں کامیاب رہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ چند روز سے غرب اردن میں شہری مسلسل غزہ کی پٹی کے عوام کی حمایت اور فلسطینی اتھارٹی کی غزہ کے خلاف عاید کردہ پابندیوں کےخلاف احتجاج کررہےہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے طاقت کے حربے استعمال کرنے کے باوجود مظاہرے مسلسل جاری ہیں۔