معتدل مگر مزیدار پکوان اور ملازمین کے چہروں پر مسکراہٹ کے ساتھ سنابل العودہ چیریٹی نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں غزہ کے غریب اور نادار لوگوں کی مدد کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
اس امدادی تنظیم کی خدمات کا آغاز یکم رمضان المبارک کو فائونڈیشن برائے سماعت و بصر کی جانب سے کیا گیا۔ اس منصوبے کے لئے قطر اور غزہ کے مخیر حضرات نے مالی امداد دی۔
محاصرہ اور غربت
اس منصوبے کا مقصد یہ ہے کہ غزہ پر مسلط 12 سالہ محاصرے کے نتیجے میں بنیادی ضروریات سے محروم ہونے والے غریب اور نادار لوگوں کی مدد کی جائے۔
فائونڈیشن کے ڈائریکٹر ثامر مہانی کا کہنا ہے کہ "اس چیریٹی کچن کا خیال الخلیل کی ابراہیم الخلیل چیریٹی سے متاثر ہے اور اس کا مقصد غریب لوگوں کی مدد کرنا ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ ہر روز 500 خاندانوں پر مشتمل 2500 افراد میں کھانا تقسیم کرتا ہے۔ ان کے اندازے کے مطابق وہ ماہ رمضان کے آخر تک 80 ہزار افراد میں کھانا تقسیم کرچکے ہوں گے۔
ارادہ اور حقائق
یہ ادارہ مغربی، اورئینٹل اور مقبول پکوان جن میں چاول، چکن اور دیگر اجزاء شامل ہیں، کا استعمال کرتے ہوئے مزیدار کھانے بناتا ہے۔
مہانی نے بتایا کہ ان تمام کھانوں کو غزہ کی وزارت اوقاف و مذہبی امور اور زکوٰۃ کمیٹیوں کی مدد سے تقسیم کیا جاتا ہے تاکہ حقدار لوگوں تک ہی کھانا پہنچایا جاسکے۔
اس منصوبے کے ذمہ داران کا ارادہ ہے کہ وہ رمضان کے بعد سنابل العودہ کی خدمات کو جاری رکھیں اور غریب اور نادار افراد تک کھانا پہنچانے کا سلسلہ چلتا رہے۔
انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس منصوبے میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مصیبت میں پھنسے ہوئے فلسطینی بھائیوں کی مدد کریں۔