قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر آتش گیر کاغذی جہاز یہودی کالونیوں پر پھینکنے والے فلسطینیوں پر گذشتہ روز دو بار بمباری کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے بمباری میں کاغذی جہاز اور آتش گیر غبارے اڑانے والوں کو رفح کے علاقے میں نشانہ بنایا۔
نامہ نگاروں کے مطابق اسرائیلی فوج کے بغیر پائلٹ ڈرون طیارے نے فلسطینی شہریوں کے ایک گروپ پر میزائل داغا تاہم اس حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
قبل ازیں جمعرات کو ظہر کے بعد اسرائیلی فوج نے مشرقی رفح میں غبارے اڑانے والوں پر بمباری کی تھی۔
ہمارے نامہ نگار کے مطابق مشرقی رفح میں صوفا کے مقام پر اسرائیلی ڈرون طیاروں نے دو بار بمباری کی۔ تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں نے اسرائیل پر کاغذی آتش گیر جہازوں اور غبارے پھینکنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کےنتیجے میں سرحد کی دوسری جانب اسرائیلی ریاست کی فصلوں اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
غزہ کی مشرقی سرحد پر جاری تحریک حق واپسی کے دوران فلسطینی شہریوں کا یہ اپنی نوعیت کا منفرد مزاحمتی طریقہ ہے جس نے صہیونی ریاست کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے۔ صہیونی فوج اس غباروں کی آڑ میں غزہ پر وحشیانہ بمباری تو کرتی ہے مگر کاغذی جہازوں کے سامنے بے بس ہے۔