فلسطینی محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر اور مسجد اقصیٰ کے امورکے انچارج الشیخ عزام الخطیب کی جانب سے قبلہ اول کی حفاظت پرمامور خواتین کو ڈانٹنے اور ان کے ساتھ بدکلامی کرنے پرفلسطینی حلقوں میں شدید رد عمل سامنےآیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القدس انٹرنیشنل فاؤنڈیشن نے ایک بیان میں الشیخ عزام الخطیب کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی محافظات کو ڈانٹنے اور انہیں قبلہ اول سے نکال باہر کرنے کی دھمکی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں مسجد اقصیٰ کی خواتین محافظ یہودی آباد کاروں کی قبلہ اول میں دراندازی روکنے کے لیے بیٹھی ہیں۔ اس دوران الشیخ عزام الخطیب اس جگہ پہنچے اور ان خواتین کو سخت بربھلا کہا اور چیخ چیخ کر انہیں وہاں سے اٹھنے کے احکامات دیئے تاہم خواتین اپنی جگہ ڈٹی رہیں۔ اس فوٹیج سے صاف ظاہرہوتا ہے کہ الشیخ عزام الخطیب نے قبلہ اول کی حفاظت پر مامور خواتین کو وہاں سے اٹھا کر یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول پر دھاووں کی سہولت فراہم کرنا چاہتےہیں۔
القدس فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ یہ بات قطعی نا مناسب اور افسوسناک ہے کہ فلسطینی محکمہ اوقاف کا ڈائریکٹر اور مسجد اقصیٰ کے امور کا انچارج سرکاری ملازم قبلہ اول کی حفاظت پر مامور خواتین کے ساتھ بد کلامی کرے۔ ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور الشیخ عزام الخطیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یہودیوں کے قبلہ اول پر دھاووں کے سہولت کار نہ بنیں۔