فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر آتش گیر کاغذی جہاز اور گیسی غبارے اڑانے والوں پر اسرائیلی فوج نے ڈرون حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم تین فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بغیر پائلٹ ایک ڈرون طیارے کی مدد سے مشرقی غزہ میں فلسطینیوں کے ایک گروپ پر بم باری کی جس کے نتیجے میں تین فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک موٹرسائیکل کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری معمولی زخمی ہوگیا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بمباری کا نشانہ بننے والوں میں غزہ کی مشرقی سرحد پر آتش گیر کاغذی جہاز پھینکنے والے فلسطینی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ غزہ کی مشرقی سرحد پر تیس مارچ سے فلسطینی ایک نئے مزاحمتی اسلوب پرعمل پیرا ہیں۔ فلسطینی نوجوان آتش گیر کاغذی جہاز اور گیسی غبارے اسرائیل کی طرف پھینک دیتے ہیں جن کے گرنے سے علاقے میں آگ بھڑک اٹھتی ہے۔ اس آتش زدگی کے باعث اب تک اسرائیل کو کروڑوں شیکل کا نقصان پہنچ چکا ہے۔