قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد پر احتجاج کرنے اور گیسی غبارے اسرائیل کی طرف چھوڑنے والے فلسطینیوں پر بغیر پائلٹ کے ڈرون طیاروں کے ذریعے بمباری کی تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی شام اسرائیلی فوج کے ڈرون طیارے نے مشرقی غزہ میں مظاہرین کے کیمپوں کے قریب کم سے کم ایک میزائل داغا جس کے نتیجے میں مظاہرین کے خیموں کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی طرف سے اس بمبارے کےحوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ غزہ کی مشرقی سرحد پر 30 مارچ 2018ء سے فلسطینی شہری واپس اپنے آبائی علاقوں میں جانے کے لیے پرامن احتجاج کررہے ہیں۔ قابض فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال بھی جاری رکھا ہوا جس کے نتیجے میں اب تک ڈیڑھ سو فلسطینی شہید اور پندرہ ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں۔