اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] سے وابستہ ہیکروں نے سوشل میڈیا سے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اسرائیلی فوجی افسران کی ذاتی معلومات تک رسائی کے بعد ان کے موبائل فون ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے گذشتہ شب جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے ہیکروں نے فوج میں خدمات انجام دینے والے افسروں اور اہلکاروں کی بڑی تعداد میں موبائل فون کی معلومات تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر بنے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پہلے ہیکروں نے فوجی افسروں کے موبائل نمبرز تک رسائی حاصل کی اور اس کے بعد ان موبائل نمبروں کو ہیک کرکے ان کے موبائل ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل کی ہے۔ فلسطینی ہیکروں کی کامیاب کارروائی کے بعد اسرائیلی فوجی افسران ’گوگل‘ کے ’پلس اسٹور‘ سے نئی اپیلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے پر مجبور ہیں۔
عبرانی اخبار ’ہارٹز‘ کے مطابق اسرائیلی فوج کے سائبر سیل کو فوجی افسران کی طرف سے بڑی تعداد میں موبائل فون ہیک کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ فوجی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور عبرانی زبان کا استعمال کرکے فوجیوں تک معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے بعد وہ فوجیوں کا موبائل ڈیٹا چوری کرتے ہیں۔
اخباری رپورٹ کے مطابق فلسطینی ہیکروں کے کامیاب سائبر حملوں اور اسرائیلی فوجی افسران کے حساس ڈیٹا تک رسائی کے باعث فوج میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔
فوجی عہدیداروں کو سختی سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال کےدوران انتہائی محتاط رہیں ورنہ جعلی سوشل نیٹ ورکنگ اکاؤنٹس ان کے موبائل فون اور دیگر معلومات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔