اسرائیلی حکومت کی طرف سے القدس میں تعمیر ومرمت کے حوالے سے قائم کردہ ضلعی کمیٹی نے پرانے بیت المقدس میں کھودی گئی سرنگ کو مزید طول دینے کے لیے کھدائی کی منظوری دے دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منصوبے کے تحت بیت المقدس کے باب الخلیل سے باب العامود تک سرنگ کھودنے کی منظوری دی گئی ہے۔ القدس کے شمال کی سمت میں کھودی جانے والی اس سرنگ کو ’اسرائیلی آرمی ٹنل‘ کا نام دیا گیا ہے۔
عبرانی جریدے ’کول ھعیر‘ کے مطابق مذکورہ سرنگ کو القدس میں آمد ورفت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس کی تکمیل کے بعد شاہراہ الانبیاء پر گاڑیوں اور القدس کی میٹرو ٹرین پر سواریوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ سرنگ کا نیا حصہ ایک کلو میٹر پر محیط ہوگا۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے ملٹری ٹنل کے نام سے سرنگ کی کھدائی کا سلسلہ کچھ عرصہ قبل شروع کیا تھا۔ اس منصوبے پر 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ شمال کی طرف سے یہ سرنگ مندلبوم اور امریکن کالونی ہوٹل سے متصل ہے۔
سرنگ سے باہر نکلنے کے تین ہنگامی راستے بھی بنائے گئے ہیں۔