چهارشنبه 30/آوریل/2025

جنگ بندی کے فوری بعد اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ پر بمباری

اتوار 22-جولائی-2018

فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں اور اسرائیل کے درمیان گذشتہ روز اقوام متحدہ اور مصر کی مساعی سے جنگ بندی کے اعلان کے فوری بعد قابض صہیونی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں شروع کر دیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے جنوب مشرقی غزہ میں فلسطینی مزاحمتی رصد گاہ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں مرکز کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباری کےساتھ ساتھ زیتون کالونی میں قابض فوج نے توپ خانے سے بھی گولہ باری کی، تاہم اس گولہ باری میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ توپ خانے سے غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ایک مرکز پر بمباری کی۔

قابض فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کا ایک گروپ سرحدی باڑ عبور کرکے دوسری طرف جانے کی کوشش کررہا تھا کہ اسے گولہ باری سےروکا گیا ہے۔ 
خیال رہے کہ غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج کی توپ خانے سے شیلنگ اور گولہ باری سے قبل مصر اور اقوام متحدہ کی کوششوں سے جنگ بندی کا عارضی  معاہدہ طے پایا تھا۔حماس نے اس معاہدے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ فریقین نے موجودہ کشیدگی سے پہلی والی پوزیشن پرواپس جانے پر اتفاق کیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی