فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے سرگرم پپیلز کمیٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 روز کے دوران صہیونی حکام نے غرب اردن سے سامان سے لدے 3000 ٹرک غزہ داخلے سے روکے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عوامی کمیٹی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرم ابو سالم گذرگاہ کی بندش کو 19 روز گزر گئے ہیں۔ ان تین ہفتوں کے دوران اسرائیلی حکام نے تین ہزار مال بردار ٹرکوں کو غزہ داخلے سے روکا۔
عوامی کمیٹی برائے انسداد معاشی ناکہ بندی غزہ کے چیئرمین جمال الخضری نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے باوجود کرم ابو سالم گذرگاہ کو مکمل طور پر تجارتی آمدو رفت کے لیے کھولا نہیں گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کی طرف سے غزہ کی پٹی کو اسکول کی کتب، اسٹیشنری، خام صنعی مواد، تعمیراتی مواد، ملبوسات، ریشم، لکڑی، فرنیچر، گھروں کا سامان اور دیگر ضروری اشیاء کی ترسیل بند کر رکھی ہے۔