اسرائیلی فوج کے زیراستعمال جدید ترین جنگی ہتھیاروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا ممنوع سمجھا جاتا ہے اور فوجیوں کو سختی کے ساتھ ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فوج کے جدید اور حساس ہتھیاروں کی تصاویر اور ان کے بارے میں تفصیلات میڈیا پر شیئر نہ کریں کیونکہ ان کے ٹیکنالوجی چوری ہونے کا خدشہ ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی ’ Hadashot ‘ انکشاف کیا ہے کہ فوجیوں نے حال ہی میں امریکا سے حاصل کردہ جدید ترین جنگی طیارے ’F.35‘ کی تصاویر جاری کی ہیں۔ یہ جنگی جہاز نفاطیم نامی ایک فوجی اڈے پر کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔
عبرانی ٹی وی کے مطابق جنگی طیارے کو کیموفلاج کیا گیا ہے مگر اس کے باوجود یہ صاف دیکھا جاسکتا ہے اور اس پر ایک غیرملکی کھڑا ہے۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق فوجی اہلکاروں نے جدید ترین دفاعی آلات کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایک دوسری تصویر میں وادی گولان میں ایک اسرائیلی فوج کے ٹینک کی لی گئی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس پر ایک نیا ہنگامہ کھڑا ہوگیا تھا۔
تیسری تصویر فوج کے مرکزی آپریشنل روم کے اندر کی ہے جس میں فوج کی ایلیٹ فورس کے سینیر افسروں کو دیکھا جاسکتا ہے۔