فلسطینی صدر محمود عباس نے سیاسی اختلافات اور اسیران کے اہل خانہ کی کفالت کے فنڈ ختم کرنے پر تنقید کےبعد محکمہ امور اسیران کے سربراہ عیسٰی قراقع کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صدر عباس نے عیسیٰ قراقع کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے بعد اپنے قریبی دوست اور ساتھی قدری ابو بکر کو محکمہ اسیران کا سربراہ مقرر کیا ہے۔
خیال رہے کہ سبکدش سربراہ عیسیٰ قراقع غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے اسیران کے اہل خانہ کی کفالت کے لیے جاری فنڈ ختم کرنے پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے متعدد بار فلسطینی اتھارٹی کی اسیران اور غزہ کی پٹی کے عوام کے حوالے سے انتقامی پالیسی پر شدید تنقید کی تھی۔
دوسری جانب فلسطین کےسیاسی اور عوامی حلقوں کی طرف سے عیسی ٰ قراقع کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔