انڈونیشیا کی وزارت تجارت نے فلسطین سے درآمد کیے جانے والے زیتون کےخوردنی تیل اور کھجوروں پر عاید کردی ٹیکس ختم کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جکارتا میں متعین فلسطینی سفیر زھیر الشن نے انڈونیشیا کی وزارت تجارت کے صدر دفتر میں ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔ فلسطینی سفیر اور انڈونیشیا کےدرمیان ہونے والے باہمی تجارتی معاہدے کے تحت فلسطینی زیتون کے تیل اور کھجور کو کسٹم ڈیوٹی سے فری قرار دیا گیا ہے۔
انڈونیشیا کے وزیر تجارت انگریٹا لوکیٹا نے فلسطینی سفیر سے ملاقات میں کہا کہ ہم فلسطین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔
اس موقع پر فلسطینی سفیر نے کہا کہ وہ فلسطینی اشیاء کی ایک فہرست تیار کررہے ہیں۔ وہ تمام اشیاء انڈونیشیا میں ٹیکس فری قرار دینے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا کا صدر جاکو ویدودو آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے پرزور حامی اور فلسطینی قوم کے حقوق کے پرزور حامی ہیں۔
انہوں نے انڈونیشیا کی حکومت کی طرف سے فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کی حمایت کرنے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔