جمعه 02/می/2025

فلسطینی شہداء کے خون کا حساب لینے کا وقت آگیا:حماس، اسلامی جہاد

جمعرات 9-اگست-2018

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور اسلامی جہاد نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس اور اسلامی جہاد کی طرف سے جاری ہونے والے بیانات میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے مقدس شہداء کے پاک خون کے ایک ایک قطرے کا دشمن سے حساب لیں۔

بیانات میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم کواپنے جائز اور آئینی حقوق کے حصول اور صہیونی دشمن کے منظم اور وحشیانہ جرائم کے خلاف تمام وسائل کے ساتھ لڑنے کا حق ہے۔

حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا کہ ہمارے بہادر مجاھدین کی جانب سے دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کی قربانی دینے کے بعد ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لینے کا وقت آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم مسلح مزاحمت کے اصول سے پیچھے ہٹی ہے اور نہ ہٹے گی۔ فلسطینی قوم آزادی کی منزل اور غاصب صہیونی ریاست کے زوال تک اپنی جدو جہد جاری رکھے گی۔

درایں اثناء اسلامی جہاد نے بھی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے تازہ جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی اور فلسطین کے دوسرے علاقوں میں اسرائیلی ریاست جرائم کے خلاف جدو جہد ناگزیر ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے آج جمعرات کو علی الصباح غزہ کی پٹی میں وحشیانہ بمباری کرکے تین فلسطینیوں کو شہید اور ایک درجن سے زاید کو زخمی کردیا تھا۔ شہداء میں ایک خاتون اور اس کی شیرخوار بچی بھی شامل ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی