شام سے ممکنہ جنگ اور وادی گولان میں کسی نئے معرکے کے تناظر میں صہیونی فوج نے وسیع پیمانے پرجنگی مشقوں کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ‘یسرائیل ھیوم‘ کی رپورٹ کے مطابق شام سے ممکنہ جنگ کی تیاری کے لیے آرمرڈ ڈویژن کا بریگیڈ 36 اور دیگر فوجی یونٹوں کےسیکڑوں اہلکار حصہ لیں گے۔ مستقبل میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ ، شام میں موجود ایرانی عسکری تنظیموں اور شامی فوج کے ساتھ جنگ کے تناظر وسیع پیمانے پر مشقیں کی جائیں گی۔ ان مشقوں کامقصد شام اور لبنان کی طرف سےلاحق خطرات کا تدارک کرنا اور کسی بھی جنگ کی صورت میں پیشگی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔
ان مشقوں میں فضائیہ کے جنگی طیارے، بغیر پائلٹ ڈرون طیارے، انجینیرنگ، توپ خانہ، سائبر سیکیورٹی، ٹیلی کمیونیکیشن اور دیگر شعبوں کے اہلکار حصہ لیں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج ایک ایسے وقت میں شام کے محاذ پر ممکنہ جنگ کے خطرات کے تناظر میں مشقوں کی تیاری کررہا ہے جب شام میں موجود ایرانی فورسز پرصہیونی ریاست نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔