امریکی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سوتے ہوئے ’Contact lens‘ [تماسی عدسات] کو لگائے رکھنےسے آنکھوں میں انفیکشن کا خطرہ ہوسکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ’تماسی عدسے‘ سوتے ہوئے نہیں اتارتے ان کی آنکھوں میں انفیکشن کے خطرات 8 گنا زیادہ ہوجاتے ہیں۔ اس لیے جو لوگ ایسے عدسوں کا استعمال کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ سونے سے قبل انہیں اتار لیا کریں۔
امریکا کے مرکز برائے انسداد امراض چشم [CDC] کے مطابق اس میں کوئی شک نہیں کہ تماسی عدسے دیگر عینکوں سے زیادہ محفوظ ہوتے ہیں۔ بالخصوص یہ ان لوگوں کے لیے زیادہ فائدہ مند ہیں جو ورزش کرتے ہیں یا کھیل سے وابستہ ہیں۔ وہ بیرونی عدسے استعمال کریں گے تو ان کے ٹوٹنے کا خطرہ ہے۔ تاہم تماسی عدسوں کا طویل المدت پہنے رکھنا آنکھوں کی صحت کے لیے مضر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنکھیں چونکہ انتہائی نازک اور حساس اعضاء ہیں، اس کی صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے مناسب توازن رکھنا ضروری ہے۔ انہیں آکسیجن بھی ملنا چاہیے اور مناسب خوراک بھی۔ اگر تماسی عدسات آنکھوں کو آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ بنتے ہیں تو اس کے نتیجے میں امراض چشم لاحق ہوسکتے ہیں اور انفیکشن بھی ہوسکتا ہے۔