اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج نے فلسطینی مزاحمت کاروں کے ایک گروپ کے ہاتھوں صہیونی فوجیوں کے مبینہ اغواء کی کوشش ناکام بناتے ہوئے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ’ہارٹز‘ نے اپنی رپورٹ میں سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ فوجیوں کے اغواء کی منصوبہ بندی تحریک فتح کے ایک گرفتار رہ نما نے کی تھی جس کا مقصد اسرائیلی فوجیوں کو فلسطینی قیدیوں کو چھڑانے کے لیے اغواء کرنا تھا۔
اخباری رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کے اغواءکی کوشش گذشتہ ہفتے ناکام بنائی گئی۔ یہ منصوبہ تحریک فتح کے عسکری ونگ شہداء الاقصیٰ بریگیڈ کے اسیر رہ نما محمد نائفہ نے بنایا تھا۔ نائفہ کو سنہ 2002ء میں گرفتار کیا گیا۔ ان پر اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا اور اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے انہیں 14 بار عمرقید کی سزا سنائی تھی۔