مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز مشرقی غزہ کی پٹی میں حق واپسی مظاہروں کے دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے قابض فوج نے طاقت کا استعمال کیا۔
قابض فوج کی فائرنگ سے 17 سالہ بلال خفاجہ سینے میں گولی لگنے سے شہید ہوگیا۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 210 زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 70 فلسطینی براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں۔
جمعہ کے روز ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ کی مشرقی سرحد کی طرف مارچ کیا۔ گذشتہ روز’ٹرمپ کی مخالفت کے باوجود ہم آرہے ہیں‘ کے عنوان سے مظاہرے کیے گئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق مشرقی غزہ کی پٹی کی سرحد پر جمع ہونے والے فلسطینیوں نے حق واپسی اور غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کے حق میں نعرے لگائے۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ء سے مشرقی غزہ میں جاری احتجاج کےدوران اب تک 180 فلسطینی شہید اور 19 ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں۔