پنج شنبه 01/می/2025

وینزویلا کے صدر کا تختہ الٹنے کے امریکی منصوبے کا انکشاف

پیر 10-ستمبر-2018

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے عہدے داران نے خفیہ طور پر وینزویلا کےصدر نکولاس میڈورو کا تخہ الٹنے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔

ٹرمپ کی جانب سے میڈورو کی بائیں بازو کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ وینزویلا کو سنگین نوعیت کے اقتصادی اور انسانی بحرانات کا سامنا ہے۔ ایسے میں عوام کے اندر پُرتشدد احتجاج کے جذبات بھڑک اٹھے ہیں اور پڑوسی ممالک کی جانب ہجرت کی لہر بھی نظر آ رہی ہے۔

امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان گیرٹ مارکیز کے مطابق "امریکی انتظامیہ روزانہ وینزویلا کے لوگوں کے اندیشوں کو سن رہی ہے۔ اُن سب کا ایک مقصد ہے اور وہ ہے اپنے وطن میں جمہوریت کی تعمیرِ نو”۔ مارکیز کا کہنا ہے کہ "وینزویلا کے بڑھتے ہوئے بحران کا مستقل حل اُس وقت تک ممکن نہیں جب تک جمہوریت کے ذریعے حکومت، قانون کی بالادستی، انسانی حقوق کا احترام اور بنیادی آزادی کو واپس لے کر نہیں آیا جاتا”۔

نیویارک ٹائمز اخبار نے امریکی عہدے داران (جن کے نام نہیں بتائے گئے) اور خفیہ بات چیت میں شریک وینزویلا کے ایک عسکری کمانڈر کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں انقلاب کے منصوبے پر عمل درامد معلّق چھوڑ دیا گیا۔

دوسری جانب وینزویلا کے وزیر خارجہ جورجی ایریازا نے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ "ہم دنیا کے سامنے امریکی انتظامیہ کی مداخلت کے منصوبوں اور وینزویلا کے خلاف فوجی سازش کی سپورٹ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں”۔

اگست 2017ء میں میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر فوجی حملے کی تجویز پیش کی تھی۔ اسی عرصے میں امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ وہ وینزویلا میں انارکی اور شورش کے خاتمے کے واسطے "فوجی آپشن” کو خارج از امکان قرار نہیں دیتے۔

مختصر لنک:

کاپی