مسجد اقصیٰ کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی علم بردار ایک تنظیم ’امناء جبل الھیکل‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ عبرانی سال کے دوران 28 ہزار 800 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ رپورٹ کے مطابق سنہ 1967ءکے بعد ایک سال میں یہودیوں کی قبلہ اول پردھاوے بولنے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
یہودی گروپ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال قبلہ اول پر دھاوے بولنے والے یہودیوں کی تعداد میں گذشتہ عبرانی سال کی نسبت 27 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
عبرانی سال 5766 میں سب سے زیادہ تعداد میں یہودی قبلہ اول میں عبادت کے لیے داخل ہوئے۔ اس کے بعد سنہ 5778 تک ہر سال کم سے کم ایک ہزار یہودی آباد کاروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا۔