فلسطین میں قابض یہودی آباد کار آئے روز مذہبی مواقع اور تہواروں کی آڑ میں حرم قدسی اور مسجد اقصیٰ کا تقدس پامال کرتےہیں۔ گذشتہ روز بھی یہودی تنظیموں اور ہیکل سلیمانی کے پرچارک گروپوں نے ’عید عرش‘ نامی تہوار کی آڑ میں آج اتوار سے یہودیوں کو قبلہ اول پر دھاووں کی اپیل کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تنظیمات ہیکل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں یہودی آباد کاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران قبلہ اول میں داخل ہو کراجتماعی عبادات اور ’عید عرش‘ کی عبادات میں حصہ لیں۔
یہ بیان ایک اشتہار کی شکل میں سوشل میڈیا اور پرنٹ میڈیا پر پوسٹ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہودی آباد کارآج اتوار سے آئندہ ایک ہفتے تک حرم قدسی میں موجود رہیں اور مذہبی رسومات ادا کریں۔