روس نے اسرائیل کے اعلیٰ سطحی سیاسی مذاکراتی وفد کو دورہ ماسکو کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مُطابق گذشتہ ہفتے شام میں اسدی رجیم کے ہاتھوں روس کا ’ایل 20‘ طیارہ مار گرائے جانے کے بعد روسی حکام نے اسرائیلی وفد کو ماسکو آنے سے روک دیا۔
اسرائیلی اخبار’ہارٹز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر مائیر بن شباٹ کی قیادت میں ایک اعلٰی اختیاراتی وفد ماسکو کے دورے پر آنا چاہ رہا تھا۔ وفد میں اسرائیلی فوج کے اعلیٰ عہدیدار بھی شامل تھے مگر روس نے وفد کا استقبال کرنے سے انکار کر دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے شام میں روس کا ایک جنگی طیارہ غلطی سے شامی فوج نے مار گرایا تھا جس کے نتیجے طیارہ تباہ ہوگیا تھا اور اس میں سوار 15 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
اس واقعے کے بعد روس اور اسرائیل کےدرمیان اس لیے کشیدگی پیدا ہوگئی تھی کہ ماسکو نے تل ابیب کو اس حادثے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔