چهارشنبه 30/آوریل/2025

آرمی چیف کی تقرری پر نیتن یاھو اور لائبرمین مد مقابل

پیر 1-اکتوبر-2018

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔

اسرائیلی اخبارات کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاھو اور وزیر دفاع کےدرمیان نئے آرمی چیف کے انتخاب کے معاملے پر پہلے سے اختلافات چل رہے تھے مگر اب وہ اختلافات  منظر عام پر آگئے ہیں۔

عبرانی اخبار ’معاریو‘ کے مطابق نامہ نگار بن کاسپیٹ کی تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے 22 ویں آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم اور وزیر دفاع کےدرمیان اختلافات جاری ہیں۔ دونوں رہ نما موجودہ آرمی چیف جنرل گیڈی آئزن کوٹ کی جگہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں۔

اخباری رپورٹ کے مطابق وزیراعظم میجر جنرل ایال زامیر کو آرمی چیف بنانا چاہتے ہیں مگر وزیردفاع کا اصرار ہے کہ جنر افیف کوشافی اور جنرل نٹزن آلون میں سے کسی ایک کو آرمی چیف کے عہدے پرتعینات کیا جائے۔

حال ہی میں عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں لائبرمین نے کہا تھا کہ آرمی چیف وہی ہوگا جس کی میں سفارش کروں گا۔ اس سے وزیراعظم کے ساتھ آرمی چیف کی تقرری کے معاملے میں ان کے اختلافات کا واضح ثبوت ملتا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی