مصر کی الجیزہ گورنری کے البراجیل شہر میں شہری بڑے شوق اور اہتمام کے ساتھ گدھوں کی میراتھن دوڑ کا مقابلہ منعقد کرتے اور اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق البراجیل میں گدھوں کی میراتھن دوڑ ایونٹ کا مقصد شہریوں کو سماجی اور ذہنی پریشیانیوں کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کرنا ہے۔
گدھوں کی دوڑ کا مقابلہ کرنے والے ایک منتظم نے کہا کہ دو سال قبل انہوں نے مقامی نوجوانوں سے کوئی ایسی تفریحی سرگرمی شروع کرنے کی تجویز پیش کی جس کی مدد سے مقامی شہریوں میں زندگی کی پریشانیوں کا بوجھ کم کیا جاسکے۔ اس حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آئیں مگر ان پرعمل درآمد نہیں ہوسکا۔ اس دوران گدھوں کی میراتھن کرانے کا تخیل پیدا ہوا۔ یہ خیال بہت سے لوگوں کو پسند آیا۔ چونکہ مقامی آبادی زراعت پیشہ ہے۔ اس لیے شہر میں گدھوں کی کمی نہیں۔
گدھوں کی پہلی میراتھن میں20 گدھوں نے حصہ لیا مگر دوسرے سال اس مقابلے میں شامل ہونے والوں کی تعداد توقع سے کہیں زیادہ تھی۔ شہریوں نے تماشائیوں کی شکل میں بھی اس کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک مقامی شہری نے اپنی طرف سے گدھوں کی میراتھن کےلیے انعامات کا اعلان کیا۔ مقابلے میں پہلے سے پانچویں نمبرآنے والے گدھوں کے مالکان کو انعامات دیے جاتے ہیں۔
پہلے نمبرآنے والے کو موبائل فون، دوسرے کو ٹی شرٹ اور میڈل، تیسرے کو گدھوں پر ڈالنے والی زین[کاٹھی] اور ٹی شرٹ دی جاتی ہے۔ حال ہی میں البراجیل میں ہونے والے مقابلے میں 35 گدھوں نے حصہ لیا۔ مقابلے کے لیے 1500 میٹر کی دوڑ میں محمد خالد کا گدھا پہلے نمبر پر رہا۔