قطر نے الزام عاید کیا ہے کہ سعودی عرب نے اس کے چار شہریوں کو جبری طور پر لاپتا کر رکھا ہے اور دوران حراست انہیں غیرانسانی سلوک کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
قطر کی سرکاری انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین علیبن صمیخ المری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سعودی عرب میں قطر کے چار باشندے جبری طورپر غائب کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے الریاض حکومت سے حراست میں لیے گئے چاروں شہریوں کی فوری رہائی اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
قطر نے سعودی عرب میں حراست میں لیے گئے اپنے شہریوں کی سلامتی کی تمام تر ذمہ داری سعودی حکومت پرعاید کی اور خبردار کیا کہ ان کی زندگی کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری ریاض پرعاید ہوگی۔ المری نے کہا کہ جبری طور پر لاپتا کیے گئے چاروں قطری شہریوں کے حوالے سے وہ دنیا کے مختلف فورمز پرآواز بلندکریں گے تاہم انہوں نے لاپتا کئے گئے افراد کی تصاویر اور شناخت ظاہر نہیں کی۔
قطری انسانی حقوق کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ پانچ جون 2017ء کو قطر کے محاصرے کے بعد سعودی عرب میں قطری باشندوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ قطری شہریوں کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا جاتا ہے۔