دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی عرب کے قونصل خانے میں جانے کے بعد پراسرار طور پر لاپتا ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کے کیس کی تحقیقات اہم موڑ میں داخل ہوگئی ہیں۔ سعودی عرب نے باضابطہ طور پر خاشقجی کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ خاشقجی قونصل خانے میں لڑائی میں مارے گئے۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کے پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد وہاں پر موجود افراد اور خاشقجی کے درمیان کسی بات پر تنازع پیدا ہوا۔ اس پر ان میں ہاتھا پائی ہوئی جس کے نتیجے میں سعودی شہری جمال خاشقجی مارے گئے۔
سعودی پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ ان تمام افراد کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔ خاشقجی کی زندگی سے کھیلنے کے جرم میں انہیں سخت سزا دی جائے گی۔