اسرائیلی حکومت نے سرکاری ریڈیو جو اسرائیلی فوج کی زیرنگرانی نشریات پیش کررہا ہے، کو مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیے جانے کی فلسطین میں شدید مذمت کی جا رہی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت اطلاعات ونشریات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریڈیو کا ہیڈ کوارٹر وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین کی ہدایت پر مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیا گیا ہے۔ یہ ایک اشتعال انگیز اقدام ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
فلسطینی محکمہ اطلاعات کے چیئرمین سلامہ معروف نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی سرکاری ریڈیو کا ہیڈ کواٹر مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنا شہر کو یہودی رنگ رنگ میں رنگنے اور القدس پر صہیونی بالادستی کے قیام کی سازشوں کا تسلسل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریڈیو کی عمارت ایک ایسے وقت میں بیت المقدس منتقل کی گئی جب دوسری جانب صہیونی ریاست کا میڈیا فلسطینیوں کے خلاف صہیونی ریاست کے جرائم کی پردہ پوشی کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے سرکاری ریڈیو کا صدر دفتر القدس منتقل کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی ریڈیو کی القدس منتقلی اور وہاں سے نشریات پیش کرنے کی تیاری پر عرب اور مسلمان ممالک مجرمانہ خاموشی کے مرتکب ہیں اور کسی طرف سے اس حوالے سے کوئی آواز بلند نہیں کی گئی ہے۔