اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے جنرل گیڈی آئزن کوٹ کی جگہ جنرل افیف کوخافی کو نیا آرمی چیف مقرر کیا ہے۔ جنرل کوخافی آئزنکوٹ کی سبکدوشی کے بعد فوج کی قیادت سنبھالیں گے۔
اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے عبرانی ٹی وی چینل 2 سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 54 سالہ جنرل کوخافی نہ صرف ان کے بلکہ کئی دوسرے سینیر رہ نمائوں اور فوجی افسران کے نامزد کردہ ہیں۔ وہ بہادر، فوج کی کمان کے اہل اور حیران کن کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے بتایا کہ انہوں نے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے اپنے فیصلے سے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کی گئی ہے۔
اسرائیل کے سینیر فوجی افسران کی تقرری کے لیے قائم کردہ "گولڈ برگ” کمیٹی آج اتوار کے روز اس اہم عہدے پر تعیناتی پر غور کرے گی۔ خیال رہے کہ یہ کمیٹی اسرائیلی فوج میں سینیر افسران کی تعیناتی کی نگرانی کرتی ہے۔