چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی بمباری سے غزہ کی پٹی میں اسپتال تباہ، عملہ محفوظ

اتوار 28-اکتوبر-2018

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی بم باری کے دوران ایک مقامی اسپتال کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی کے جنگی طیاروں کی بم باری سے غزہ میں انڈونیشی اسپتال کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اسپتال کا ایک حصہ تباہ ہوگیا جب کہ اسپتال کے بعض سیکشن کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غزہ میں اسپتالوں اور صحت کے مراکز کو نشانہ بنا رہی ہے۔ قابض فوج کے جنگی طیاروں نے دو دن قبل غزہ میں انڈونیشی اسپتال کو بم باری سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسپتال کو نقصان پہنچا۔

انڈونیشی اسپتال کے ڈائریکٹر شوقی سالم نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کے طیاروں نے اسپتال سمیت کئی اہم املاک پر بم گرائے جس کے نتیجے میں اسپتال کا ایک حصہ مکمل تباہ جب کہ دوسرے کو جزوی نقصان پہنچا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں بم باری کے دوران اسپتالوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لے۔

فلسطینی عہدیدارکا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کو بری، بحری اور فضائی تمام اطراف سے ننگی جارحیت کا سامنا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی