اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ گذشتہ روز جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر فلسطینی مجاھدین کے خلاف کی گئی ایک کارروائی میں اس کا ایک فوجی افسر ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا ہے۔
عبرانی نیوز ویب سائیٹ "واللا” نے اپنی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقتول فوجی افسر اسی یونٹ میں شامل ہے جس کے اہلکاروںنے گذشتہ روز غزہ میں ایک خفیہ آپریشن میں حصہ لیا۔ یہ اسپیشل کارروائی”گولانی” نامی کمانڈو یونٹ کے اہلکاروں نے کی تھی جس میں کم سے کم سات فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز غزہ میں فلسطینی مزاحمت کارووں کی جوابی کارروائی میں ایک فوجی افسر زخمی بھی ہوا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کرکے کم سے کم سات فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔ یہ کارروائی القسام بریگیڈ کے ایک کمانڈر پر قاتلانہ حملے کی بزدلانہ کوشش تھی جس میں مجاھد کمانڈر اپنے متعدد ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے۔
القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی ایک پک اپ گاڑی کے ذریعے غزہ میں تین کلو میٹر اندر داخل ہوئے اور مسجد شہید اسماعیل ابو شنب کے قریب مجاھدین کو نشانہ بنایا۔اس کارروائی میں حماس کمانڈر نور برکہ شہید ہوگئے۔ اس کارروائی میں اسرائیلی فوج کے کمانڈوز کو فضائیہ کی بھی معاونت حاصل تھی جس نے فلسطینی مجاھدین کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔