فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں یہودی آباد کاروں نے ایک فلسطینی اسپتال کی ایمبولینس پر حملہ کر کے اسے تباہ کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ الخلیل کے وسطی علاقے تل ارمیدہ میں پیش آیا۔
مقامی سماجی کارکن محمد الزغیر نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں نے مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایمبولینس بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی ہے۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ یہودی آباد کاروں نے اسپتال کی ایمبولینس کو سنگ باری سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایمبولینس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ جب یہ واقعہ پیش آیا اس وقت ایمبولینس میں مریض موجود تھا اور اسے اسپتال لے جایا جا رہا تھا۔
خیال رہے کہ الخلیل شہر میں یہودی آباد کاروں کے حملے معمول کا حصہ ہیں اور آئے روز فلسطینیوں کی جان ومال پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ یہودی آباد کاروں نے فلسطینی آبادی کا ناک میں دم کر رکھا ہے۔