اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعہ کے روز ریلیوں پر فائرنگ کر کے ایک فلسطینی شہری کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز مشرقی غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ کی ناکہ بندی کے خلاف اور حق واپسی کے حق میں مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر قابض فوج نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے 26 کرم محمد نعمان فیاض کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید فلسطینی معذور تھا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غزہ کی پٹی میں چھ شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو امدادی کارکن بھی شامل ہیں۔اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں کا بھی استعمال کیا۔
خیال رہے کہ 30 مارچ کے بعد سے غزہ میں جاری مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں 253 فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں۔