فلسطینی نژاد امریکی خاتون رشیدہ طلیب نے گذشتہ روز کانگریس کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ کانگریس کی رکنیت کی حلف برداری کی تقریب میں رشیدہ طلیب فلسطینی کسانوں کے لباس میں ملبوس تھیں۔ وہ پہلی فلسطینی نژاد خاتون ہیں جنہیں امریکی کانگریس کی رکنیت حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
خیال رہے کہ رشیدہ طلیب نومبر میں امریکا میں ہونے والے کانگریس کے انتخابات کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے رکن نامزد کی گئی تھیں۔ کانگریس کی حلف برداری کے بعد انہوں نے کانگریس کے ارکان میں قرآن پاک کے مترجم نسخے تقسیم کیے۔ قرآن پاک کا یہ ترجہ 1734ء میں جارج سوس نے کیا۔ ان کا ترجمہ کردہ نسخہ امریکا کے تیسرے صدر تھامس جیفرسن کو بھی دیا گیا تھا۔
امریکی اخبار” ڈیٹرویٹ فری پریس” کےمطابق طلیب نے پہلے ہی فیصلہ کیا تھا کہ وہ حلف برداری کی تقریب کے بعد ارکان میں قرآن پاک کےنسخے تقسیم کریں گی۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے ارکان میں قرآن پاک کے نسخسے تقسیم کرنے کا مقصد ارکان کانگریس کو دین اسلام کے حوالے سے روشناس کرنا ہے۔
حلف برداری کی تقریب سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے رشیدہ طلیب کا کہنا تھا کہ اسے فلسطینی نژاد ہونے پر فخر ہے اور وہ ایک کسان کے لباس میں کانگریس کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گی۔
بعد ازاں انہوںنے اپنے انسٹا گرام کے صحفے پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انہیں کسان کے لباس میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے۔