قابض اسرائیلی فوج نے اپنی غاصبانہ پالیسیوں کا تسلسل رکھتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ میں ملوث عاصم اور صلاح البرغوثی کے آبائی گھر کو گرانے کا حکم دے دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق یہ حکم البرغوثی خاندان کی اپیل کو مسترد کرنے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ دونوں بھائیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے عوفرہ یہودی بستی کے قریب حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور سات فوجی زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی فوجیوں نے صلاح البرغوثی کو قتل کر دیا جب کہ عاصم البرغوثی کو جفعات عساف نامی یہودی بستی کے قریب دو قابض فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔
قابض اسرائیلی حکام یہودی آبادکاروں اور فوجیوں پر حملوں میں ملوث فلسطینیوں کو نشان عبرت بنانے اور دیگر مزاحمت کاروں کے حوصلوں کو پست کرنے کے لئے ان کے آبائی گھروں کو مسمار کر دیتے ہیں۔