قطر کے وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہا ہے کہ فی الحال قطر کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں تاہم قطری بحران کے حل میں دوحہ کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جا رہی ہے۔
میونخ سیکیورٹی کانفرنس سےخطاب میں قطری وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک سعودی عرب،امارات، بحرین اور مصر کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہونے والی کوشش کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے، تاہم مذاکرات کے لیے کسی قسم کی پیشگی شرائط اور دبائو قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ملک کسی بھی وقت مذاکرات کی دعوت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ پانچ جون 2017ء کے بعد قطر کی چار دوسرے عرب ملکوں کے ساتھ کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ مصر نے بھی قطر پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام عاید کیا ہے۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل اور غزہ کےعوام کی مدد سے مشروط ہیں۔