فلسطینی سیاسی جماعتوں نے رکن پارلیمنٹ اور اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے مرکزی رہ نما عزام سلھب کے الخلیل شہر میں واقع گھر اور گاڑی پر نامعلوم افراد کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے پارلیمانی بلاک ‘اصلاح و تبدیلی’ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عزام سلھب کی رہائش گاہ اور گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ مجرمانہ فعل ہے۔ وہ فلسطین میں آئینی اور سیاسی علامت ہیں اور کئی سال صہیونی زندانوں کی جیلوں میں قید وبند کی صعوبتیں جھیل چکے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عزام سلھب کی رہائش گاہ اورگاڑی پر فائرنگ ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے، قومی اور پارلیمانی اصولوں کی پامالی اور شہریوں کو خوف زدہ کرنے کی مجرمانہ کوشش ہے۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
فلسیطنی پارلیمنٹ کے بعض دیگر رہ نمائوں کی اور ارکان پارلیمان کی طرف سے بھی عزام سلھب کے گھر اور گاڑی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے قوم دشمن عناصر پر اس کی ذمہ داری عاید کی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز الخلیل شہر میں نامعلوم مسلح افراد نے حماس کے رکن پارلیمنٹ اور الخلیل شہر میں سرکردہ رہ نما عزام سلھب کے گھر اور گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی تاہم وہ ان حملوں میں محفوظ رہے۔