فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں اتوار کے روز ‘ارئیل’ یہودی کالونی کےقریب ایک فلسطینی کے دہرے حملے میں زخمی ہونے والا یہودی ربی اسپتال میں ہلاک ہوگیا، جس کے بعد اتوار کے روز کی گئی کارروائی میں ہلاک ہونے والے یہودی آباد کاروں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو فلسطینی مزاحمت کار کے چاقو اور فائرنگ سے کیے گئے حملے میں زخمی ہونے والا تیسرا یہودی بھی ہلاک ہوگیا۔
عبرانی ویب سائیٹ ‘0404’ کی رپورٹ کے مطابق دو روز قبل زخمی ہونے والا یہودی ربی ‘اخیعاد انتعز’ اسپتال میں دم توڑ گیا۔ 47 سالہ یہودی آبادکار عتیلی یہودی کالونی کا رہائشی تھا جسے ارئیل کالونی کے چوک میں ایک فلسطینی شہری نے گولیاں مار کر زخمی کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز شمالی شہر سلفیت کے رہائشی ایک انیس سالہ فلسطینی نے چاقو کے وار اور فائرنگ کرکے دو یہودیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک یہودی ربی تھا جو کل سوموار کو اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔ فلسطینی نوجوان کامیاب مزاحمتی کارروائی کے بعد بہ حفاظت فرار ہوگیا تھا۔ اسرائیلی فوج اور اس کی تلاش کے لیے غرب اردن کے شہروں میں چھاپے مار رہی ہے۔