تُرکی کے شہر استنبول میں فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری حق واپسی مظاہروں کا ایک سال پورا ہونے پر نصرت فلسطین ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں فلسطینی کمیونٹی کے باشندوں کے ساتھ ساتھ مقامی ترک شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
مظاہرین نے فلسطینیوں کے 43 ویں یوم الارض کے موقع پر فلسطینی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
استنبول میں نصرت فلسطین مرکزی جلوس کا آغاز شہر کے وسط میں واقع مسجد سلطان محمد فاتح سے ہوا۔ مظاہرے کا اہتمام غیرسرکاری تنظیم ‘فیدار’ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، مسجد اقصیٰ کی تصاویر اور فلسطینی رہ نمائوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ اس کے علاوہ نصرت فلسطین کے نعروں پر مشتمل بینروں اور کتبوں سے انہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
تنظیم کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک قوم فلسطینیوں کے دیرینہ اور مسلمہ حقوق میں ان کے ساتھ ہیں۔
ترک تنظیم نے غزہ کی 12 سال سے جاری ناکہ بندی کی مخالفت کی اور ظالمانہ ناکہ بندی ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔