عالمی فوج داری عدالت نے سوڈان کے معزول صدر عمر البشیر کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی عدالت انصاف نے سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کرتے ہوئے دارفر میں مبینہ جنگی جرائم میں ملوث ہونے کی پاداش میں عمر البشیر کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی عدالت کے ترجمان فادی العبداللہ کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت کسی ملک میں جاری کشیدگی پر تبصرہ نہیں کرتی. جہاں تک عمر البشیر کا معاملہ ہے ان کی گرفتاری کے وارنٹ اب بھی بدستور موثر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت سوڈانی حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ گرفتار سابق صدر عمر البشیر کو ہمارے حوالے کرے تاکہ سلامتی کونسل کی طرف سے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
خیال رہے کہ عالمی فوج داری عدالت نے 2009ء اور 2010ء میں صدر عمر البشیر کو دارفر صوبے میں وحشیانہ جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
جمعرات کے روز سوڈان کی مسلح افواج نے صدر البشیر کو اقتدارسے ہٹا کر حکومت اپنے ہاتھ میں لے لی ہے. صدر البشیر ان کے کئی ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔