فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں قومی، سیاسی اورمذہبی قوتوں نے امریکا کے سازشی منصوبے ‘صدی کی ڈیل’ کا مقابلہ کرنے کے لیے متحدہ قومی محاذ تشکیل دیا ہے۔ اگلے مرحلے میں اس متحدہ محاذ میں غرب اردن، القدس، سمندر پار فلسطینیوں، عرب ممالک، عالم اسلام اور زندہ ضمیر عالمی تنظیموں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ سیاسی شعبے کے رکن صلاح الدین بردویل نے غزہ میں وزارت اطلاعات کے ہیڈ کوارٹر میں ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ان جماعت نے دیگر فلسطینی قوتوں کے ساتھ مل کر امریکا کے صدی کے سازشی منصوبے ‘صدی کی ڈیل’ کا مقابلہ کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔
غزہ میں "صدی کی ڈیل کا مقابلہ کرنے کا ممکنہ طریقہ کار’ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا فلسطینی قوم کو صدی کی ڈیل کے منصوبے اور سازشی اسکیم سے ڈرنے کے بجائے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صدی کی ڈیل کی امریکی، صہیونی سازش کو کوئی فلسطینی قبول نہیں کرے گا۔ امریکا اور اسرائیل فلسطینیوں کےخلاف کوئی سازشی اسکیم مسلط نہیں کر سکتے۔
صلاح الدین برودیل نے تمام فلسطینی قوتوں پر زور دیا کہ وہ ‘صدی کی ڈیل’ کا مقابلہ کرنے کے لیے تشکیل دیے گئے متحدہ قومی محاذ میں شامل ہوں تاکہ امریکی سازش کے خلاف تمام فلسطینی مجتمع ہو کر جرات کے ساتھ اس سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔