اردن کی حکومت نے وضاحت کی ہے کہ سعودی عرب نے گرفتار اردنی صحافی عبدالرحمان فرحانہ کو رہا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان القضاۃ نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی حکام نے تسلیم کیا ہےکہ صحافی عبدالرحمان فرحانہ دو ماہ سے سعودیہ کی حراست میں ہیں۔ ان پر کوئی الزام عاید نہیں کیا گیا۔ انہیں جلد ہی رہا کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سعودی حکام نے اردنی صحافی عبدالرحمان فرحانہ کو دو ماہ قبل سعودی عرب کے شہر دمام سے حراست میں لیا تھا۔ اس کے بعد سعودی حکام اس کی گرفتاری کے معاملے میں ٹال مٹول سے کام لیتے رہے ہیں۔
اردنی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ عمان ریاض میں سعودی حکام کے ساتھ رابطہ کیا ہے اور ان سے عبدالرحمان فرحانہ کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکام نے فرحانہ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی جلد رہائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اردنی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ صحافی عبدالرحمان فرحانہ کی گرفتاری کے معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
عبدالرحمان فرحانہ کی گرفتار کے بارے میں خبر اس وقت سامنے آئی تھی جب اردنی صحافی حلمی الاسمر نے کہا تھا کہ سینیر صحافی عبدالرحمان فرحانہ کو سعودی عرب میں دو ماہ قبل گرفتارکر لیا گیا تھا۔ اس کے بعد اس کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں ہیں۔