جمعه 15/نوامبر/2024

سوڈانی فوج نے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکی

بدھ 1-مئی-2019

سوڈان کی عبوری عسکری کونسل نے دارالحکومت خرطوم میں حقیقی تبدیلی کے لیے دھرنا دینے مظاہرین کوخبردار کیا ہے کہ وہ پر امن طور پر منتشر ہوجائیں ورنہ ان کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق عبوری عسکری کونسل کے وائس چیئرمین فرسٹ لیفٹیننٹ محمد حمدان دقلو المعروعف حمیدتی نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین کی طرف سے مسلسل احتجاج اور دھرنے کے باعث ملک افراتفری کی راہ پر چل رہا ہے اور ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

انہوں‌ نے مزید کہا کہ اگر خرطوم میں دھرنا ختم نہ کیا گیا پولیس، عدلیہ اور فوج اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ ان کا اشارہ سابق حکومت کے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کی طرف تھا۔

خیال رہے کہ سوڈان میں صدر عمر البشیر کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد ملک کا نظام ایک عبوری فوجی کونسل چلا رہی ہے۔ عبوری کونسل اور سیاسی قوتوں کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں مگر فریقین کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی