فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے سرحد پر موجود اسرائیلی فوجی بس اور جیپ کو میزائل حملوں سے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کے روز غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے ایک مشترکہ کارروائی میں اسرائیلی فوج کی ٹرانسپورٹ بس اور جیب کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دونوں فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ اس کارروائی میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ اور اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے وسطی غزہ کی مشرقی سرحد پر ‘کورنیٹ’ میزائل سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔
ادھر غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے ھاون راکٹوں سے خان یونس کے شمال میں واقع کیسوفیم میں صہیونی فوجی تنصیبات پر حملے کیے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کیسوفیم میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی گولہ باری سے دو فوجی زخمی ہوگئے۔
القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مجاھدین نے ایک کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج کی ایک جیپ مکمل طور پر تباہ کردی۔ القسام بریگیڈ کی طرف سے وائرلیس پیغام میں کہا گیا ہے کہ مجاھدین نے اسرائیلی فوج کی ایک فوجی جیپ تباہ کردی۔