اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ کی پٹی میں حق واپسی اور انسداد ناکہ بندی کے لیے جاری مظاہروں کو کچلنے کے لیے اسرائیل کے طاقت کا استعمال کیا تو دشمن کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما اسماعیل رضوان نے کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے اور حق واپسی کے لیے فلسطینیوں کا احتجاج جاری رہے گا۔ اگر مظاہرین کو طاقت سے کچلنے کی کوئی بھی حماقت کی گئی تو دشمن کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ حق واپسی اور غزہ کی ناکہ بندی کے حاتمے کے لیے احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جمعہ کے روز ہونے والے ‘صدی کی ڈیل’ کی سازش کے خلاف مظاہرے میں فلسطینیوں نے شرکت کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ فلسطینی قوم صدی کی ڈیل سمیت کسی بھی عالمی اور علاقائی سازش کو قبول نہیں کرے گی۔
انہوں نے صبر اوراستقامت کے ساتھ فلسطینی مظاہرین کی مظاہروں میں شرکت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ خیال رہے کہ کل جمعہ کے روز غزہ کی پٹی میں فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور تیس سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔