فلسطین کی بین الاقوامی تعلقات عامہ کونسل نے یورپی یونین کے اشتراک سے صہیونی ریاست میں ‘موسیقی میلے’ کے انعقاد کی شدید مذمت کرتے ہوئے یورپی ملکوں پر صہیونی ریاست کے جرام کی پشت پناہی کا الزام عاید کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق تعلقات عامہ کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تل ابیب میں یورپی ملکوں کے تعاون سے لگایا گیا ‘یورو ویژن’ نامی موسیقی میلہ صہیونی ریاست کے مکروہ جرائم کی پردہ پوشی کرنے اور اسرائیل کی دنیا میں ساکھ بہتر بنانے کی کوشش ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپی ملکوں کے موسیقار ایک ایسے وقت میں تل ابیب میں اپنے فن کا مظاہرہ پیش کر رہے ہیں جب دوسری جانب صہیونی ریاست فلسطینی عوام پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے۔غزہ کا محاصرہ جاری ہے اور ہزاروں فلسطینی غیر انسانی حالات میں صہیونی عقوبت خانوں میں پابند سلاسل ہیں۔ ان حالات میں یورپ کا تل ابیب میں موسیقی میلہ سجانا فلسطینیوں کے حقوق کو نظر انداز کرنے کی سازشوں کو آگے بڑھانا اور فلسطینیوں کے خلاف صہیونی جرائم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔