یہودی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر دھاووں کا اشتعال انگیز سلسلہ ماہ صیام میں بھی جاری ہے۔ کل جمعرات کو مراکشی دروازے کے راستے 75 یہودی آباد کار قبلہ اول میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو 25 یہودی طلباء سمیت مجموعی طور پر 75 یہودی آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولے اور مذہبی تعلیمات کی روشنی میں مذہبی رسومات ادا کیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی پولیس کی اسپیشل یونٹس کی جانب سے یہودی آبادکاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی۔ یہودی آبادکار قبلہ اول کے مراکشی دروازے سے اندر داخل ہونے کے بعد باب السلسلہ سے باہر نکلے۔ اس دوران وہ قبلہ اول کے اندر اشتعال انگیز حرکت کرتے رہے۔