جمعه 02/می/2025

عشاءاور تراویح کے لیے ایک لاکھ سے زاید مسلمانوں کی مسجد اقصیٰ آمد

جمعہ 24-مئی-2019

اسرائیلی فوج کی طرف سے عاید کردہ پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود ایک لاکھ سے زاید فرزندان توحید نے مسجد اقصیٰ میں نماز عشاء اور تراویح کی نمازیں ادا کیں۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق تیسرے جمعہ کی شب کو ایک لاکھ سے زاید مسلمانوں نے مسجد اقصیٰ میں حاضری دی اور عشاء اور تراویح کی نمازیں بہ جماعت اداکیں۔

جمعرات کو دن بھر فلسطینیوں‌کی مسجد اقصیٰ آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ ہزاروں فلسطینیوں‌ نے مسجد اقصیٰ ہی میں روزہ افطار کیا۔ نماز مغرب کے بعد ہزاروں افراد عشاء کی نماز ادا کرنے پہنچے۔

اسلامی اوقاف انتظامیہ نے نماز عشاء اور تراویح میں مسلمانوں کی زیادہ تعداد کی آمد کے پیش نظر مسجد کے تمام اہم مقامات اورخواتین کے لیے مختص نمازکی جگہوں کو کھول دیا گیا۔

ادھر مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے کہا مسجد اقصیٰ میں ماہ صیام کے تیسرے عشرے کے لیے اعتکاف کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کے آخری عشرے کا اعتکاف کل سےشروع ہوگا اور عید کا چاند نظر آنے تک جاری رہے گا۔

اس بار ہزاروں فلسطینی نمازیوں کے مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب صہیونی فوج فلسطینی نمازیوں اور معتکفین کو مسجد میں اعتکاف سے روکنے کی مذموم کوششیں‌ کر رہی ہے۔

مسجد اقصیٰ کے اطراف اور پرانے بیت المقدس میں اعتکاف کی تیاریوں کے لیے ضروری اشیاء کی خریداری جاری ہے۔

مختصر لنک:

کاپی