چهارشنبه 30/آوریل/2025

امریکی ایلچی کی آمد کے خلاف اردن میں امریکی سفارت خانے کے باہر مظاہرہ

جمعرات 30-مئی-2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور ان کے خصوصی مشیر جیرڈ کوشنر کی قیادت میں وفد کے دورہ عمان کے خلاف امریکی سفارت خانے کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ہزاروں مقامی شہریوں اور فلسطینی پناہ گزینوں‌ نے شرکت کی۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عمان میں امریکی سفارت خانے کے باہرنکالی جانے والی ریلی میں مقررین نے امریکی ایلچیوں‌ کی آمد کی شدید مذمت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ جیرڈ کوشنر اور ان کے ہمراہ آنے والا وفد فلسطین کے خلاف امریکا کے سازشی منصوبے ‘صدی کی ڈیل’ کی سازش کو آگے بڑھانے اور بحرین میں اقتصادی کانفرنس کامیاب بنانے کے لیے راہ ہموار کررہا ہے۔

احتجاجی مظاہرے کے دوران اردنی پولیس نے امریکی سفارت خانے کے باہر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے تھے اور سفارت خانے کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے۔

مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کے باہر ہی مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر کے خصوصی مشیر جیرڈ کوشنر اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی مندوب جیسن گرین بیلٹ پر مشتمل ایک وفد دو روز قبل عمان پہنچا۔ اس وفد کی آمد کا مقصد فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کو آگے بڑھانے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی