چهارشنبه 30/آوریل/2025

ناکامی ‘صدی کی ڈیل’ منصوبے کا مقدر ہوگی: امام مسجد اقصیٰ

ہفتہ 29-جون-2019

مسجد اقصیٰ کے امام  وخطیب الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ امریکا کے فلسطینی قوم کے خلاف تیار کردہ سازشی منصوبے ‘صدی کی ڈیل’ ماضی کی دوسری سازشوں کی طرح ناکامی سے دوچار ہوگی۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ فلسطینی قوم اور اسرائیلی ریاست کے درمیان تنازع کے حل کے لیے امریکا کا منصوبہ سازش ہے مگر اس کا انجام ناکامی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم صدی کی ڈیل جیسے امریکی استعماری امن منصوبوں پر لعنت بھیجتی ہے۔ اس سازشی منصوبے کے ذریعے فلسطینی قوم کو اس کے بنیادی حقوق اور مطالبات سے محروم کیا جا رہا ہے۔ بیت المقدس کو مستقبل کے مذاکرات سے نکالا جا رہا ہے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کی نفی کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت فلسطینی مہاجرین کو دوسرے ملکوں میں‌ آباد کرنے اور فلسطین میں یہودیوں کو آباد کاری کی اجازت دی جا رہی ہے۔

الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا وادی اردن پر صہیونی ریاست کا قبضہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ فلسطینی قوم کو غیرمسلح اور نہتا کیا جا رہا۔ جس نام نہاد فلسطینی ریاست کی بات کی جا رہی ہے اس کا دارالحکومت ابو دیس کو بنایا جا رہا ہے۔

الشیخ عکرمہ صبری نے استفسار کیا کہ کیا اس طرح کے منصوبے فلسطینیوں کے مسائل کا حل ہوسکتے ہیں۔ یہ بہت بڑی اور خطرناک سازش ہے مگر انشاء اللہ ناکامی اس سازش کا بھی مقدر ہوگی۔

مختصر لنک:

کاپی